بیلجیئم کی کمپنیوں کی کراچی میں 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اینڈ لیدر نمائش میں بھر پور شرکت پاک۔ بیلجیئم جاری تجارتی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، ناظم الامور فراز زیدی

بیلجیئم کی کمپنیوں نے کراچی میں 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اینڈ لیدر نمائش (ٹیکسپو) میں بھرپور شرکت کی ہے جس سے بیلجیئم اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے ۔ برسلز میں پاکستان کے سفارتخانہ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال خان کراچی میں جاری نمائش میں بیلجیئم کی کمپنیوں کے ہمراہ شرکت کی جو انہیں پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ باہمی مصروفیات میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمائش کے موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی) کی طرف سے "پاکستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ اور پائیداری” کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار کے دوران برسلز سفارتخانہ میں اکنامک منسٹر عمر حمید نے یورپی یونین کے اندر پائیداری کے معیارات اور ٹیکسٹائل صنعت سے ان کی مطابقت پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ کے ناظم الامور فراز زیدی نے بیلجیئم کی شرکت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کمپنیوں کی موجودگی پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان جاری تجارتی تعلقات کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے۔پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر غیر ملکی فرموں کے لیے متنوع اور امید افزا مواقع پیش کرتا ہے، اور نمائش میں بیلجیئم کی کمپنیوں کی شرکت ان مواقع کو تلاش کرنے کے لیے ان کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ بیلجیئم کی فرموں نے ٹیکسپو کی خوش اسلوبی سے انجام دہی پر ٹی ڈی اے پی کی تعریف کی ہے، جس نے متعدد پیداواری اور کاروبار ی میٹنگز کی سہولت فراہم کی ہے۔ توقع ہے کہ یہ روابط پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ میں معاون ثابت ہونگے ۔ فراز زیدی نے بیلجیئم کو ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات کو بڑھانے میں پاکستان کی کوششوں میں تعاون کے لیے سفارت خانہ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیلجیئم کی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے خواہاں پاکستانی برآمد کنندگان کی مدد اور سہولت فراہم کرنے میں پوری طرح مصروف ہیں۔ 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نمائش عالمی ٹیکسٹائل اور چمڑے کے مینوفیکچررز، خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اندر موجود مواقع کو تلاش کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے جو ملک کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے۔