عالمی

پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں سٹوڈنٹس کونسل انویسٹیچر کی سالانہ تقریب ،پاکستانی سفیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (پی ای سی بی ) نے تعلیمی سیشن 25۔2024 کے لیے اپنی سالانہ سٹوڈنٹ کونسل انویسٹیچر کی تقریب کا انعقاد کیا،جس میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستانی سفیر نے اپنے کلیدی خطاب میں سٹوڈنٹ کونسل کے نومنتخب ممبران کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دیانتداری، ذمہ داری، ہمدردی اور کمیونٹی سروس کی خصوصیات جیسی اقدار کو اپنائیں جسے انہوں نے موثر قیادت کے لیے اہم قرار دیا۔

انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں اور اپنی سکول کی کمیونٹی اور اس سے باہر لگن کے ساتھ اپنا حصہ ڈالیں۔ پاکستانی سفیر نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستان ایمبیسی کالج کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے بعد سے پی ای سی بی نے مسلسل تعلیمی کارکردگی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ کالج نہ صرف ایک تعلیمی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک سافٹ سفارتی ذریعہ کے طور پر بھی کام کرتا ہے، جو پاکستان کی ثقافت اور اقدار کو وسیع تر چینی کمیونٹی میں فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے طلبا کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں میں ترقی اور قیادت کو فروغ دینے والے تعلیمی اقدامات کی حمایت کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کا آغاز پی ای سی بی کی پرنسپل شازیہ امجد کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا، جنہوں نے معاشرے پر مثبت اثر ڈالنے کے قابل نوجوان لیڈرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ای سی بی طلبا کو ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے وقف ہے جو ذاتی ترقی، قیادت اور ذمہ داری کے مضبوط احساس کو فروغ دیتا ہے۔ تقریب میں منتخب نمائندوں کی رسمی حلف برداری بھی ہوئی ، جنہوں نے اپنے ساتھیوں کی خدمت اور دیانتداری، ذمہ داری اور خدمت کی اقدار کو برقرار رکھنے کا عہد کیا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button