کاروباری

پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں مسلسل اضافہ ، پاک سعودی دوطرفہ تجارت کے حجم میں نمایاں نمو

پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارت، معیشت، دفاع ، تعلیم ، توانائی اورثقافتی شعبوں میں تعلقات میں ملسل اضافہ ہورہاہے، جاری مالی سال کے دوران پاک سعودی دوطرفہ تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ہواہے، سعودی عرب پاکستان میں ترسیلات زر کے حوالہ سے سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے، سٹیٹ بینک اورادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو114.18ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو95.17ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا، اگست میں سعودی عرب کوبرآمدات کاحجم 56.74میلن ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 57.44ملین ڈالراورگزشتہ سال اگست میں 52.49ملین ڈالرتھا،

مالی سال 2024میں سعودی عرب کوپاکستانی برآمدات کاحجم 710.35ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12.43فیصدکااضافہ ہوا، مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب سے درآمدات پر698.33ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 621.12ملین ڈالرتھا،گزشتہ مالی سال کے دوران سعودی عرب سے مجموعی درآمدات کاحجم 4.492 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔معاشی ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاشی مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے تیل کا ایک اہم سپلائر ہے،سعودی عرب موخرادائیگی پرپاکستان کوخام تیل فراہم کررہاہے جس سے پاکستان کی حکومت کو ادائیگیوں میں توازن لانے میں مددمل رہی ہے۔ سعودی عرب پاکستان میں بنیادی ڈھانچہ ، توانائی،مالیات اور زراعت سمیت سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کررہاہے علاوہ ازیں سعودی عرب پاکستان پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ممالک میں بھی شامل ہے۔ پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کا ایک اور اہم کردار سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کی صورت میں ہے جن کی ترسیلات زر پاکستانی معیشت میں اہم کرداراداکرہی ہے ۔

دستیاب اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب پاکستانی ترسیلات زرکے حوالہ سے تیسرابڑاملک رہاہے،مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.473 ارب ڈالرزرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 977.9ملین ڈالرکے مقابلہ میں 50.7فیصدزیادہ ہے، اگست میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکاحجم 713.1ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 760.1ملین ڈالراورگزشتہ سال اگست میں 491.1ملین ڈالرتھا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سفارتی سطح پر بھی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ مثالی اور مضبوط رہے ہیں۔ دونوں ممالک بین الاقوامی فورمزخاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ میں پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، ۔ پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کیا ہے، جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کے علاقائی اور عالمی امور میں اس کی حمایت کی ہے۔ ثقافتی اور تعلیمی شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان میں کئی تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں جبکہ پاکستانی طلبہ بھی سعودی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے ہمہ جہت تعلقات کا مستقبل روشن اورتابناک ہے دونوں ممالک اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، سعودی عرب نے سی پیک کے تناظر میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بارہا اعادہ کیاہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button