اسرائیل لبنان میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر ختم کرے،فرانس

فرانس نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر ختم کرے۔ شنہوا کے مطابق ایلیسی صدارتی محل نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ فرسنسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر سختی سے عملدرآمد کر کے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو بحال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نےلبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس ( یو این آئی ایف آئی ایل ) کے ساتھ فرانس کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایلیسی صدارتی محل نے کہا کہ فرانس اس سمت میں کام کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوگا اور بہت جلد لبنان کی حمایت میں ایک کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔ پریس ریلیز کے مطابق فرانسیسی صدر نے ایک طویل مدتی تصفیہ تک پہنچنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا جو اسرائیل اور لبنان کے درمیان اقوام متحدہ کی تیار کردہ عارضی سرحد بلیو لائن کے دونوں اطراف کی آبادیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بے گھر افراد کو مکمل حفاظت کے ساتھ گھر واپس آنے کے قابل ہونا چاہیے۔