انفرادی ریکارڈز کو اب زیادہ اہمیت نہیں دیتا، اپنی تمام توجہ النصر کی جیت اور کھلاڑیوں کی مدد پر مرکوز ہے، کرسٹیانو رونالڈو

پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہےکہ انفرادی ریکارڈز کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا، اپنی تمام توجہ النصر کی جیت اور ساتھی کھلاڑیوں کی مدد پر مرکوز ہے۔39 سالہ رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد جنوری 2023 میں سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر میں شمولیت اختیار کی۔ سٹار فٹ بالر نے اے ایف سی چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں اپنے کلب النصر کی قطر ی ٹیم الریان کے خلاف 2-1 سے جیت میں گول کیا۔
میچ کے بعد بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ کھلاڑی کے لئے گول کرنا اچھا ہے، لیکن میرے لیے ٹیم کا جیتنا بہتر ہے،میں ریکارڈ توڑنے کا عادی ہوں لیکن اب میں ریکارڈز کی طرف نہیں جاتا، اب میرے لیے سب سے اہم چیز النصر کی جیت اور اپنے ساتھیوں کو جیتنے میں مدد کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الریان کے خلاف میچ میں میرا مقصد مختلف اور اہم تھا ، میرے والد اگر زندہ ہوتے تو اس سے خوش ہوتےکیونکہ ان کی سالگرہ کا دن تھا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ کب ریٹائر ہوں گا لیکن جب بھی ہوا شائد النصر سے ہی ہوجاؤں۔واضح رہے کہ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو کو 2024 ء کے ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا۔ اپنے کیرئیر کا 904 واں گول کرنے کے بعد رونالڈو نے گول کرنے کا جشن منانے کی بجائے آسمان کی طرف اشارہ کیا۔