چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام سےجنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات،مستقبل کے اشتراک کار پر تبادلہ خیال

چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جن نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دو طرفہ تعلقات، نوجوانوں کے لئے جاری پروگرامز اور مستقبل کے اشتراک کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی مختلف سکیموں کا ذکر کیا اور کوریا کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے نوجوانوں کے تبادلوں، تربیت اور مختلف تعلیمی و ثقافتی منصوبوں میں اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر کوریا کے سفیر پارک کی جن نے کہا کہ جنوبی کوریا پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے اور دونوں ممالک کے نوجوانوں کو باہمی فائدے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
مزید برآں آئندہ ماہ اکتوبر میں منعقد ہونے والے "کلچرل ویک” کے حوالے سے بھی جوش و خروش کا اظہار کیا گیا، جس میں پاکستان اور کوریا کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کی توقع کی جارہی ہے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اور کاوش تھی، جس کا مقصد نوجوان نسل کو بااختیار بنانا اور انہیں عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔