وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موثر انداز میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی وکالت کی ہے ، رانا محمد قاسم نون

چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے موثر انداز میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی وکالت کی ہے ۔
ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق رانا محمد قاسم نون نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں اپنی اہم تقریر میں کشمیر کاز کی بہت مؤثر طریقے سے وکالت کی ہے اور بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدبھارت کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور استصواب رائے کا حق دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کی بھی مذمت کرتے ہیں کیونکہ اس طرح کے اقدامات مظلوم کشمیریوں کو کبھی بھی مطمئن نہیں کرسکتے جنہیں 5 اگست 2019 کو بھارت کی "آئینی دہشت گردی” نے ان کی خصوصی حیثیت اور حقوق سے محروم کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی طور پر کشمیر کاز کی حمایت کی ہے اور اس مسئلے کو تمام بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کیا ہے۔