کھیلوں کی دنیا

سری لنکن بلے باز جنھوں نے سعود شکیل، فواد عالم کے ریکارڈ توڑے اور بریڈمین کا ریکارڈ برابر کیا

سری لنکا کے بلے باز کمِنڈو مینڈس نے جمعے کو نہ صرف 182 رنز کی ایک ناقابل شکست اننگز کھیلی بلکہ انھوں نے ایک ہی ٹیسٹ میں کئی ریکارڈز توڑ دیے۔

ان کے اس کارنامے پر ان کے ساتھی کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے کہا کہ ابھی تو انھوں نے اڑان بھری ہے، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔ سوشل میڈیا پر کل سے کمِنڈو مینڈس ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

جب کمِنڈو مینڈس نے اپنے آٹھویں ٹیسٹ میچ میں آٹھ بار 50 رنز کا سکور عبور کیا تو انھوں نے پاکستان کے بلے باز سعود شکیل کا مسلسل سات ٹیسٹ میچز میں سات نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یوں پتا چلا کہ سعود شکیل کا ایسا بھی کوئی ریکارڈ تھا۔ مگر سعود شکیل کے مداحوں اور ٹیسٹ کرکٹ کے اعداد و شمار پر گہری نظر رکھنے والوں کے ذہن میں ان کا یہ ریکارڈ ضرور رہا ہوگا۔

اور پھر جب سری لنکا کے 25 سالہ نوجوان کرکٹر نے سنچری بنائی تو وہ پہلے آٹھ ٹیسٹ میچوں میں پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے ایشیائی کرکٹر بن گئے۔ یوں انھوں نے بیٹنگ لیجنڈ سر ڈان بریڈمین کے ریکارڈ کی برابری کی جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی پہلی 13 اننگز میں پانچ سنچریاں بنائی تھیں۔

پہلی پانچ سنچریوں کے معاملے میں ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس سب سے آگے ہیں جنھوں نے اپنے کیریئر کی پہلی دس اننگز میں ہی پانچ سنچریاں لگا لی تھیں۔ لیکن سری لنکا کے اس نوجوان کھلاڑی کا کارنامہ قابل ذکر ضرور ہے۔

ویکس کے علاوہ ہربرٹ سٹکلف اور رابرٹ ہاروی نے 12 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ جبکہ سر ڈان بریڈمین اور کمِنڈو مینڈس نے 13 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button