لبنان میں اسرائیل کی زمینی فوجی کارروائی خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی ، امریکی وزارت خارجہ

امریکی وزارت خارجہ نے لبنان میں اسرائیل کے زمینی حملےکی مخالفت کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کےسینئر اہلکار نے کہا ہے کہ امریکا یہ نہیں سمجھتا کہ لبنان پر زمینی حملہ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کوئی کردار ادا کرے گا۔
امریکا اسرائیل اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے درمیان لڑائی کو روکنے کے لیے سفارتی حل کے لیے بہت دنوں سے کام کر رہا ہے،یہ بات اہم ہے کہ تمام افراد اسرائیل کی تیاریوں کو سنجیدگی سے لیں۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نےلبنان اور اسرائیل میں راکٹ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر فریقین سے جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کر رہے ہیں اور آج رات گروپ سیون کے وزرا سے ملاقات میں بھی وہ اسی بات پر زور دیں گے۔