وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی فرمانروا ،ولی عہد اور سعودی عوام کو مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے ۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ساتھ مملکت سعودی عرب کے برادر عوام کو سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ،ہم سعودی عرب کی عظیم قیادت کے وژن کے تحت مثالی ترقی اور امت مسلمہ اور دنیا میں اتحاد، امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اس کے کردار کوسراہتے ہیں۔ اللہ رب العزت ہمارے سعودی بھائیوں اور بہنوں پر اپنی لامحدود رحمتیں نازل فرمائے۔