پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا یوم پاکستان پر پیغام، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط رشتے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط رشتے کو فروغ دینے میں بامعنی شراکت آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے متحرک کثیر الثقافتی معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں اور پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کر یں۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو جب ہم پاکستان کا قومی دن منا رہے ہیں تو میں تمام پاکستانیوں، خاص طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ مبارک موقع قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت انگیز قیادت میں پاکستان کی آزاد ریاست بنانے کے لیے قرارداد کی منظوری کے تاریخی لمحے کی نشاندہی کرتا ہے۔اسی دن ہمارے آباؤ اجداد اور بصیرت رکھنے والے رہنماؤں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا تصور دیا۔ یہ دن ہماری جدوجہد آزادی میں ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے جب عظیم مسلم شاعر، فلسفی اور مفکر علامہ محمد اقبال کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کا عزم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ امارات میں 1.7 ملین سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ہم پر یہ فرض ہے کہ ہم اپنے میزبان ملک کے مقامی قوانین، ضابطوں اور رسم و رواج کے لیے انتہائی احترام کا مظاہرہ کریں۔ مثالی شہری بننے کی کوشش کریں اور امن، ترقی، ہم آہنگی اور رواداری کے جذبے کو مجسم بناتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے متحرک کثیر الثقافتی معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے ہر فرد پر زور دیاکہ وہ تمام کوششوں میں ایمانداری، دیانتداری اور تندہی کے اصولوں کو اپنائے۔ اپنے کاموں میں غیر متزلزل لگن اور خلوص کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی قوم کا سر فخر سے بلند کریں اور پاکستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر یں۔ پاکستانی سفیر کہا کہ آئیے، ہم مل کر عزم اور امید کے ساتھ آگے بڑھیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی اور تعاون کے مضبوط بندھن کو فروغ دینے میں بامعنی شراکت کرنے کے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھیں۔دعا ہے کہ یہ یوم پاکستان ہمیں اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے نظریات کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کا جذبہ دے۔