ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملہ، 60 ہلاک، مشتبہ افراد کی تلاش شروع

روس کے دارلحکومت ماسکو کے مضافات میں ایک کنسرٹ ہال پر حملے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود روسی نیوز ایجنسی کے ایک صحافی نے بتایا کہ ’کیمو فلاج لباس میں حملہ آور کروکس سٹی ہال میں داخل ہوئے اور لوگوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور دستی بم یا فائر بم پھینکے جس سے آگ تیزی سے پھیل گئی جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی ہے۔ریا نیوز ایجنسی کے مطابق کم از کم تین حملہ آوروں نے کنسرٹ ہال میں ’ایک گرینیڈ پھینکا جس سے آگ لگی۔ایمرجنسی سروسز کی وزارت نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر بتایا کہ وقوعہ کے وقت تقریبا سو افراد تھیٹر کے تہ خانے سے نکل گئے جبکہ دیگر نے چھت پر پناہ لی۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ ’آج شاپنگ سینٹر کروکس سٹی میں ایک خوفناک سانحہ پیش آیا۔ مجھے متاثرین کے پیاروں کے لیے افسوس ہے۔