کاروباری

کرغزستان چیمبر کے صدر کا دواسازی، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، خوراک اور سرجیکل مصنوعات سمیت تجارتی حجم کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار

کرغزستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر تیمیر ساریف نے دونوں ممالک کے درمیان دواسازی، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، خوراک اور سرجیکل مصنوعات سمیت تجارتی حجم کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو کرغزستان چیمبر میں کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس کی قیادت میں پاکستان کے تجارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے صدر ڈاکٹر شاہد حسن بھی موجود تھے۔ انہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اسٹریٹجک شعبوں پر توجہ دے کر تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور عالمی منڈیوں کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے کافی گنجائش موجود ہے۔ مستقبل میں تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے دونوں ممالک کو اپنی بھر پور صلاحیت کو بروئے کار لانے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

تیمیر ساریف نے کہا کہ دوطرفہ تعاون اور ہم آہنگی کی نئی راہیں تلاش کر کے ہم غیر استعمال شدہ پوٹینشل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بات چیت، شراکت داری اور تعاون کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیلنجز پر قابو پانے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مل کر کام کریں تو مثبت نتائج کے امکانات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ فعال شمولیت اور ٹھوس کوششوں کے ذریعے ہم تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھ سکتے ہیں جس سے عوام کی خوشحالی اور بہبود کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

پاکستانی وفد کے سربراہ مہر کاشف یونس نے کہا کہ اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے تیمیر ساریف کا وژن جدت، شمولیت اور پائیداری پر مشتمل کامیاب تجارتی مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ باہمی مفاد اور مقاصد کو ہم آہنگ کر کے ہم زیادہ خوشحال اور باہم مربوط مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پر عزم قیادت کے ساتھ ہم تجارت، اقتصادی ترقی اور عوام کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ہمیں مواقع سے فائدہ اٹھانے اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا ادراک کرنا ہو گا۔

متعلقہ آرٹیکل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button