پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی 76 رنز سے شکست دے کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بآسانی 76 رنز سے شکست دے کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا ، بابر اعظم نے 51 رنز بنائے ، گلیڈی ایٹرز کے عقیل حسین نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، صائم ایوب ، لیوک ووڈ ، خرم شہزاد اور مہران ممتاز نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، صائم ایوب کو 30 رنز کی دھواں اننگز کھیلنے اور 2 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ،
جمعہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ، کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 30 گیندوں پر 51 رنز بنائے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے ، صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے ، دیگر بیٹرز میں ٹام کوہلر کیڈمور 33 ، رومین پائول (ناٹ آؤٹ) 28 اور محمد حارث 26 رنز بنا کر نمایاں رہے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیفٹ آرم اسپنر عقیل حسین نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی اور 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،
انہوں نے اپنے چوتھے اوور کی دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر عامر جمال، مہران ممتاز اور لیوک ووڈ کو میدان بدر کیا ، سہیل خان ، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 120 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، جیسن رائے 16 ، رائیلی روسو 8 ، خواجہ نافع 5 ، عمیر یوسف 10 ، لاری ایونز 12 ، عقیل حسین 14 ، سہیل خان 7 ، محمد عامر 13 اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، زلمی کی جانب سے صائم ایوب ، لیوک ووڈ ، خرم شہزاد اور مہران ممتاز نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔