مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ،معاشرے میں امن وسیاسی استحکام کیلئے سب کو مل کر چلنا ہوگا، سپیکر پنجاب اسمبلی

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ کچھ عناصر سیاسی عدم استحکام چاہتے ہیں جبکہ ہم سیاسی مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ،اگرکسی کو کسی ادارے کے سیاسی کردار پر اعتراض ہے تو ڈائیلاگ کریں، چاہتے ہیں اختلافات کو ختم کریں اور مسائل کے حل کیلئے ڈائیلاگ کریں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یہاں جمعرات کو پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس وقت سیاست میں دو قسم کی تقسیم پیدا ہو چکی ہے، ایک گروپ مفاہمت تو دوسرا عدم استحکام چاہتا ہے،معاشرے میں کچھ لوگ ڈائیلاگ کرنے کیلئے تیار نہیں، معاشرے میں رواداری اور سیاسی ڈائیلاگ کا کلچر پیدا کیا جانا چاہیے، معاشرے میں امن وسیاسی استحکام کیلئے سب کو مل کر چلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کتب میلے سجتے رہیں کیونکہ کتاب بینی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب کا ہونا مثبت کلچر پیدا کرتا ہے، سوچ کا اختلاف بڑھ جائے تو ذاتی عناد بن جاتا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کیلئے بڑا احترام ہے ،ان کی ایک سیاسی بصیرت ہے، میں نے بہت کچھ مولانا فضل الرحمان سے سیکھا ہے، مولانا فضل الرحمان کے شکوے کچھ لوگوں اور کچھ اداروں کے ساتھ ہیں، یہ تمام شکوے ڈائیلاگ کے ذریعے حل کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 70 سال میں ہم سے کہیں نہ کہیں غلطیاں ہوئی ہیں جنہیں درست کرنا ہوگا، ملک میں بے روز گاری کا پہاڑ کھڑا ہے،انفراسٹرکچر کی کمی ہے، صوبائی حکومتوں کو بہتری کیلئےکام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے درپیش مسائل کو حل کرنا ہے تاکہ ملک ترقی کرسکے ۔