روس نے مبینہ طور پر یوکرین اور برطانیہ کی MiG-31 طیارہ چرانے کی سازش ناکام بنا دی

روس نے مبینہ طور پر یوکرین اور برطانیہ کی جانب سے لڑاکا طیارے MiG-31 کو چوری کرنے کی سازش ناکام بنا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین اور برطانیہ کی جانب سے ایک Mikoyan MiG-31 لڑاکا طیارہ چرانے کی مبینہ سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، یوکرینی فوجی انٹیلی جنس نے برطانیہ کی مدد سے روسی پائلٹس کو 3 ملین ڈالر اور یورپی شہریت کی پیشکش کر کے میزائلوں سے لیس طیارے کو چرانے کی کوشش کی۔
بیان میں کہا گیا کہ یوکرینی انٹیلی جنس کا منصوبہ یہ تھا کہ طیارے کو رومانیہ کے شہر Constanta کے قریب واقع ایک نیٹو ائیربیس کی جانب لے جایا جائے، جہاں اسے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا جا سکتا تھا۔
تاہم فوری اقدامات نے یوکرین اور برطانوی انٹیلی جنس کے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔
روسی سرکاری ٹی وی نے رشوت اور سیاسی پناہ کی پیشکش کے پیغامات کی ریکارڈنگز بھی نشر کی ہے۔
دوسری جانب، یوکرینی اور برطانوی حکام نے روس کے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ادھر روسی فیڈرل سکیورٹی سروس کے پبلک ریلیشنز سینٹر نے روسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مبینہ سازش کے جواب میں روسی ایروسپیس فورسز نے کیف ریجن میں یوکرین کی دفاعی انٹیلی جنس کے ایک مرکز اورKhmelnytskyi کے مغربی علاقے کے قریب واقع ایک فوجی ائیربیس پر فضائی حملے کیے۔



