آئندہ دنوں دہشتگرد مزید شہروں کی طرف بڑھنےکی کوشش کرسکتے ہیں: لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید

سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں دہشت گرد مزید شہروں کی طرف بھی بڑھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وانا اور اسلام آباد میں دہشت گردی کا مقصد افراتفری پھیلانا ہے تاکہ لوگ خوف زدہ ہوکر لیڈر شپ سے کہیں کہ افغانستان کے ساتھ سخت رویہ نہ رکھیں اور افغانستان جو تین سے چار رعایتیں چاہتا ہے ، وہ انہیں دے دی جائیں مگر ایسا نہیں ہوگا۔
ادھر دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ احمد سعید منہاس نے وانا اور اسلام آباد میں دہشت گردانہ واقعات کو بھارت اور افغان طالبان کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیدیا۔
ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی کا بھی جیو نیوز سےگفتگو میں کہنا تھا کہ بھارتی حکومت بہار کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے دہشت گردی کو استعمال کررہی ہے، افغان طالبان بھارت کی خوشنودی کے لیے پاکستان کے احسانات بھول گئے ہیں۔
میجر جنرل ریٹائرڈ زاہد محمود نے کہا کہ بھارت کی اندرونی سیاست اور افغان گروہوں کے اختلافات دہشت گردی کی وجوہات ہیں، پاکستان اس کا پورا جواب دے گا۔
دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ نےکہا کہ پاکستان عالمِ اسلام میں اس بحث کا آغاز کرائے کہ ہمیں ان دہشت گردوں کو ختم کرنا ہے، آج پاکستان ہدف پر ہے، کل کوئی دوسرا ملک ہوسکتا ہے۔
بریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد ولی نےکہاکہ بھارت کا جنگی جنون اس وقت تک قابو نہیں آئے گا جب تک وہاں حکومت نہیں بدل جاتی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ وقار حسن نے کہا خیبر پختونخوا حکومت فیصلہ کرلے کہ وہ کس کے ساتھ ہے ، اس کی بندوقوں کا رخ کس جانب ہے۔



