گھریلو جھگڑے: بہو نے ’چور پولیس‘ کھیل کے دوران ساس کو زندہ جلا ڈالا

بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک سفاک بہو نے کھیل کھیل کے دوران اپنی ساس کو زندہ جلا ڈالا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 63 سالہ جیانتی کناکا اپنے بیٹے سبھرامنیم ، بہو للیتا دیوی، بھتیجے اور پوتے پوتی سمیت ٓآندھرا پردیش کے ایک گاؤں میں رہائش پذیر تھی۔
سبھرامنیم اور للیتا کی شادی کو 12 سال سے زائد عرصہ گزرچکا تھا لیکن للیتا اور اس کی ساس کے درمیان شادی کے آغاز سے ہی حالات کشیدہ تھے، جھگڑوں سے تنگ آکر للیتا نے اپنی ساس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ماہ 6 نومبر کے روز للیتا نے اپنے گھر کے قریبی پیٹرول پمپ سے پیٹرول خریدا اور اگلے ہی روز شوہر اور کزن کے گھر سے جانے کے بعد ساس کو قتل کرنے کافیصلہ بنایا۔
ساس کو قتل کرنے کیلئے للیتا نے اپنے بچوں کو دادی کے ساتھ ’چور پولیس‘ کا کھیل کھیلنے پر آمادہ کیا اور اسی دوران بچوں کو دادی کے ہاتھ اور پیر باندھنے کی بھی ترغیب دی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بہو کے منصوبے سے بے خبر ساس نے بچوں کے ساتھ موت کا یہ گھناؤنا کھیل کھیلنے پر رضامندی دے، کھیل کے دوران بچوں کے دادی کو باندھنے کے بعد للیتا نے ان پر پیٹرول چھڑک کر چراغ سے آگ لگادی، جیانتی کناکا کی چیخوں نےپڑوسیوں کو جمع ہونے پر مجبور کردیا، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدا میں للیتا نے پڑوسیوں اور پولیس کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ جیانتی دیوی گھر میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے جل کر ہلاک ہوئیں تاہم گھر میں پیٹرول کی بدبو اور للیتا کے موبائل کی سرچ ہسٹری سے ملنے والی معلومات کے بعد پولیس نے اسے کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی پولیس افسر نےبی بی سی سے گفتگو میں بتایا کہ ’تحقیقات کے دوران بہو کی انٹرنیٹ سرچ کی ہسٹری سے پتا چلا کہ اس نے کئی مرتبہ ’بوڑھی خاتون کو کیسے مارا جائے‘ جیسے عنوانات کی ویڈیوز کو تلاش کی تھی جس سے شکوک و شبہات میں مزید اضافہ ہوا۔
بعد ازاں پولیس تفتیش کے دوران للیتا نے بھی ساس کو زندہ جلانے کیلئے چور پولیس کا کھیل رچانے، بچوں کو دادی کے ہاتھ پیر باندھنے کی ترغیب دینے اور پھر اسے شارٹ سرکٹ کا رنگ دینے کا اعتراف کرلیا۔



