اسلام آباد اور وانا واقعےکی تحقیقات کے ٹھوس شواہد بین الاقوامی فورمز کیساتھ شیئر کیےجائیں گے: عطاتارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے واضح کردیا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی، جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور دہشت گروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مشکل اور حساس آپریشن تھا، اے پی ایس سے بھی دس گنا بڑا واقعہ ہوسکتا تھا، بڑی مہارت سے طلبا کی جانیں بچائی گئی ہیں، 550 طلبا کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا گیا ہے، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت اور افغانستان سے جنگیں جیتی ہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور افغانستان سے دہشت گردوں کی سہولت کاری بند ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی،ٹھوس شواہد دوست ممالک اوربین الاقوامی فورمز کے ساتھ شیئرکیےجائیں گے۔ دہشت گرد واقعات کے مزید شواہد کے بعد لائحہ عمل بنایاجائے گا، جوبھی ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گے۔



