انجری مسائل،مشفق الرحیم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق 36 سالہ مشفق الرحیم دائیں انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے آئی لینڈرز کے خلاف شیڈول دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
مشفق الرحیم 18 مارچ کو ظہور احمد چودھری سٹیڈیم میں کھیلے گئے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد ایم آر آئی کے لیے گئے تھےجس کی رپورٹ کے مطابق مشفق الرحیم کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہے ۔
سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 22 مارچ سے سلہٹ میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 مارچ سے چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں ابتدائی ٹیسٹ سے قبل منگل کو سلہٹ پہنچ چکی ہیں ۔
بی سی بی نے تاحال مشفق الرحیم کے متبادل کا نام منتخب نہیں کیا ہے ۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جا چکی ہے جس میں مہمان آئی لینڈرز نے میزبان بنگلہ دیشی ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی جبکہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں میزبان بنگلہ دیشی ٹیم نے سری لنکن ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی۔